چکوال: تلہ گنگ کے نواحی علاقے دھولر گاؤں میں قائم ایک دکان میں پٹرول ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو 1122 نے فوری رسپانس دیتے ہوئے قابو پا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی قریبی کی پوائنٹ سے ریسکیو ایمبولینس روانہ کی گئی، جبکہ تلہ گنگ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی جائے وقوعہ پر بھیجی گئی۔

ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچتے ہی صورتحال کا جائزہ لے کر پیشہ ورانہ انداز میں آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا۔ شدید نوعیت کی آگ کو تقریباً 30 منٹ کی مسلسل کوششوں کے بعد مکمل طور پر قابو میں کر لیا گیا، جبکہ بعد ازاں کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خطرہ ختم کیا جا سکے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دکان میں تقریباً 2500 لیٹر پٹرول موجود تھا اور آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث آگ نے تیزی سے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی بڑے جانی نقصان سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔