چکوال: چھپڑ بازار میں زیرِ تعمیر باب چکوال کا سٹرکچر گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ تین مزدور زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 چکوال کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ چھپڑ بازار میں تعمیراتی کام کے دوران باب چکوال کے سٹرکچر کی شٹرنگ گر گئی ہے جس کے نتیجے میں مزدور ملبے تلے دب گئے ہیں اور فوری امداد کی ضرورت ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ضروری آلات کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئیں۔ موقع پر پہنچ کر ریسکیو اہلکاروں نے علاقے کو کارڈن آف کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
حادثے کے نتیجے میں 50 سالہ مستری ساجد حسین شدید زخمی ہو گئے جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین مزدور معمولی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ شٹرنگ کے کمزور ہونے اور اس پر ضرورت سے زیادہ مٹیریل رکھنے کے باعث پیش آیا، جس کے باعث شٹرنگ وزن برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔ اس دوران اوپر کام کرنے والے مزدور بھی نیچے گر گئے جس سے وہ زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا اور متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
Discussion