چکوال: جہلم روڈ جھیک سٹاپ کے قریب ایک اینٹوں کے بھٹے پر رہائشی کمرے کی چھت بارش کے باعث گر گئی، جس کے نتیجے میں تین مزدور ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم چکوال کو واقعہ کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ چھت گرنے سے تین افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی کی پوائنٹ ملہال مغلاں سے ایمبولینس جبکہ سنٹرل اسٹیشن سے مزید ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل جائے حادثہ کی جانب روانہ کیے۔

ریسکیو ٹیمیں بروقت موقع پر پہنچیں، سین اسیسمنٹ کے بعد پیشہ ورانہ انداز میں ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا اور ملبے تلے دبے تینوں مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا۔ تاہم تینوں افراد زخمی تھے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

زخمیوں میں 18 سالہ محمد شکیل، 50 سالہ امیر بخش اور 20 سالہ محمد اختر شامل ہیں، جن کا تعلق اوچ شریف سے بتایا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔

ریسکیو 1122 چکوال نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران بوسیدہ عمارتوں اور کمزور چھتوں کے نیچے رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔