تحصیل لاوہ کے نواحی علاقے میال کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

تفصیلات کے مطابق ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو اطلاع موصول ہوئی کہ میال کے قریب ایک کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں اور ایک شخص گاڑی میں پھنس گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اسٹیشن لاوہ سے دو ایمبولینسز اور سنٹرل اسٹیشن چکوال سے ایک ریسکیو گاڑی فوری طور پر جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی۔ریسکیو ٹیمیں بروقت موقع پر پہنچیں اور صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد گاڑی میں پھنسے ہوئے شخص کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

chakwal accident

تمام زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔حادثے کے نتیجے میں آٹھ سالہ شزا بتول دختر رضوان ظفر شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔زخمیوں میں نین فاطمہ دختر رضوان ظفر (عمر 5 سال)، راحت بی بی زوجہ عرفان (عمر 24 سال)، سبیلہ رضوان زوجہ رضوان ظفر (عمر 28 سال) اور محمد رئیس ولد یار خان (عمر 45 سال) شامل ہیں، جو گاؤں پچنند کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

کار پچنند سے راولپنڈی کی جانب جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث آگے چلنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے پیچھے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ انداز میں ریسکیو آپریشن مکمل کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کیا۔