ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر غلام صغیر شاہد کی زیر صدارت ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں اجلاس

No Photo

چکوال( نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر /ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد کے زیر صدارت ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ ء اخلاق پرعملدرآمد کے حوالے سے آج کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔جس میں این اے 65 کے امیدواران چودھری سالک ،مولانا محمد یعقوب اور ڈاکٹر عامر ،ضلعی افسران اور پولیس کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر غلام صغیر شاہد نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے گا ۔جس کے تحت تمام امیدواران کے لیے بینرز،لیف لیٹس،پوسٹرز مقررہ سائز کے لگائے جائیں گے۔ہورڈنگز،پینا فلیکس،وال چاکنگ اور بل بورڈ لگانے پر سخت پابندی ہوگی ۔خیال رہے کہ کوئی پارٹی کسی دوسری پارٹی کے پوسٹرز اتار کر اپنے پوسٹر نہیں لگا سکتی۔پبلک بلڈنگز یاپولز پرپارٹی کے جھنڈے لگانے پر پابندی ہوگی یا ٹی ایم اے کی اجازت سے فیس کی ادائیگی پر لگا سکتے ہیں۔باقی جگہوں پر بھی انتظامیہ کی اجازت سے لگا سکتے ہیں ۔جلسے ،جلوسوں کے لیئے تحصیلوں میں مقررہ جگہوں کا نوٹیفیکیشن ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردیا گیا ہے ۔تمام جلسے ان مقررہ جگہوں پر ہونگے اور ان جلوسوں کی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو جلسوں سے تین دن پہلے دینی ہوگی تاکہ ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس دوران تمام امیدواران کسی قسم کی ترقیاتی سکیم کا افتتاح نہیں کر سکتے ۔اسلحے کی نمائش پر سخت پابندی ہوگی۔پولنگ ڈے سے ایک دن پہلے تمام امید واران اپنی کیمپین بند کردیں گے ۔مزید براں انہوں نے بتایا کہ ضابطہء اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ہر قسم کی پابندی کو یقینی بنائے گی۔

ٹیگز :