تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف مہم میں غریبوں کیخلاف کارروائی نہ کی جائے، عثمان بزدار

No Photo

لاہور(آئی آئی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم میں غریب اورعام آدمی کے خلاف کارروائی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس مہم میں عام آدمی ،ریڑھی بان اور محنت کشوں کو تنگ نہ کیا جائے اورتجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مہم میں طاقتور اوربااثر افراد کے خلاف موثر کارروائی پوری قوت سے جاری رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی جماعت ہے اورمیں قبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف آپریشن کی خود مانیٹرنگ کررہا ہوں ۔اس مہم میں محنت کشوں اور غریب عوام سے ان کے روزگار کے مواقع چھیننا ہرگزمقصد نہیں بلکہ مہم کا مقصد بااثر افراد سے قیمتی اراضی واگزار کرانا اورطاقتورقبضہ مافیا کا خاتمہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تو متعلقہ ا فسران سے باز پرس ہوگی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ ہسپتالوں اورکالجزکے امور کا جائزہ لینے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا حکم دیا ہے اوریہ ٹاسک فورس پرائیویٹ ہسپتالوں میں فیس سٹرکچر،طبی سہولتوں کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی بھرتی کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔وزیراعلیٰ ٹاسک فورس پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی اورعوام کو ریلیف کے لئے تجاویز مرتب کرے گی۔وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلے ،فیس،ڈاکٹروں کی بھرتی اورسہولتوں پربھی تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔خصوصی ٹاسک فورس،پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے بارے میں تفصیلی رپورٹ اوربہتری کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے بھی ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت کی ہے ۔یہ ٹاسک فورس پرائیویٹ سکولوں میں اساتذہ اورسٹاف کی بھرتی اوران کی اہلیت جانچنے کے طریقہ کار،فیس سٹرکچراوردیگرامور کا جائزہ لے گی۔وزیراعلیٰ ٹاسک فورس پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ اوربہتری کیلئے خصوصی تجاویز پیش کرے گی۔وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجزاورانجینئرنگ یونیورسٹیز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔متعلقہ حکام پیشہ ورانہ میڈیکل کالجزاورانجینئرنگ یونیورسٹیز میں انٹری ٹیسٹ کے طریقہ کار اوردیگر امور کے حوالے سے جلد بریفنگ دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں میرٹ پر آنے والے طلبہ کو ان کا حق دیں گے اورہونہار طلبہ کی حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ٹیگز :