شہباز شریف کی گرفتاری پر ضلع چکوال میں کوئی قابل ذکر رد عمل سامنے نہیں آیا

No Photo

چکوال( نمائندہ سواں نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کے قلعے ضلع چکوال میں کوئی قابل ذکر رد عمل سامنے نہیں آیا۔ پوری مقامی مسلم لیگی قیادت کو سانپ سونگھ گیا ہے ، مسلم لیگی کارکن شہباز شریف کی گرفتاری پر ہکا بکا رہ گئے ہیں۔نواز لیگ کے دور میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے اراکین اسمبلی، وزیر اور مشیر نے خاموشی اختیار کر لی۔مشکل وقت میں میاں برادران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہنے والے باسیوں نے بھی خاموشی اختیار کر لی۔پانچ سال تک وزارت کے مزے لوٹنے والے بھی چوری کھانے والے مجنوں نکلے۔ پارٹی کے ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھانے والے کئی بزرگوں کے سیاسی وارثان نے بھی احتجاج سے ہاتھ کھینچ لیا۔ شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگیوں کی جانب سے نہ تو کوئی ہنگامی پریس کانفرنس کی گئی، نہ ہی کوئی مذمتی بیان جاری کیا اور نہ ہی کوئی احتجاجی مظاہرہ ہوا، مسلم لیگ ن کے نظریاتی کارکن اندر ہی اندر کڑھنے پر مجبور ہو گئے جبکہ عوام کی بڑی تعداد ورطہ حیرت میں ڈوب گئی۔ شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل نہ آنے پر چکوال سے مسلم لیگ ن کے صفایا کا تاثر ابھرنے لگا۔

ٹیگز :