ضلع چکوال کے پارلیمنٹریزاور سر کردہ رہنماوں کے اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز شریف کر رہے ہیں

No Photo

چکوال(سواں نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضلع چکوال مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے لہٰذا اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبے تمام پارلیمنٹرینز داخل کرائیں تاکہ ان کو حتمی شکل دی جا سکے۔ حمزہ شہباز نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف16 مارچ کو ریلوے گراؤنڈ چکوال میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں حمزہ شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال، ایم پی اے ملک شہریار اعوان، ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، ملک امیر خان ٹمن، ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی، بزرگ مسلم لیگی رہنما ملک اسلم سیتھی، چیئرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم ڈھلی، وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایم این اے میجر طاہراقبال اور سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس کی غیر حاضری کو شدت کیساتھ محسوس کیا گیا۔ میجر طاہر اقبال کی نمائندگی ملک نعیم اصغر نے کی کیونکہ میجر طاہر اقبال بیرون ملک ہیں جبکہ سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی غیر حاضری کی کیا وجہ ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تمام پارلیمنٹرینز اپنے اپنے حلقوں سے بڑے جلوس لیکر جلسہ گاہ میں پہنچیں گے۔ اجلاس میں موجود شرکاء نے حمزہ شہباز شریف سے استدعا کی کہ ضلع چکوال کیلئے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

ٹیگز :