سیکرٹری محکمہ تعلیم صوبہ پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش اعوان نےضلع کونسل ہال چکوال میں اساتذہ کے اعزاز میں منعقد تقریب میں خطاب کیا

No Photo

چکوال(سواں نیوز) سیکرٹری محکمہ تعلیم صوبہ پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش اعوان نے ہفتے کے روز بتایا کہ استاد سے بڑا کوئی عہدہ نہیں ،حضور اکرم ﷺ کو معلم بنا کر خدا نے بھیجا اور استاد کے لگائے ہوئے پودے ہیں جو اس ملک کی ترقی کا سبب بن رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا ویژن معیار تعلیم کو بلند کرنا ہے۔ وہ ضلع کونسل ہال چکوال میں اساتذہ کے اعزاز میں منعقد تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر ڈکٹر عمر جہانگیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی عبدالوحید رضا اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش اعوان نے مزید کہا کہ الحمد اللہ ضلع چکوال شرح خواندگی کے حوالے سے اس وقت پنجاب کے پہلے تین ، چار اضلاع میں شامل ہے اور ضلع چکوال کی دھرتی نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی اعلیٰ کارکردگی جواں مردی اور اپنی بہترین صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا آپ منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج پنجاب بھر میں اول، دوئم او رسوئم پوزیشن ضلع چکوال نے حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کوچاہیے کہ وہ بچوں کو عزت دیں جن کے وہ حقدار ہیں تاکہ انکی صلاحیتیں بھرپور طریقے سے اجاگر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال کی سرزمین میں بڑا ٹیلنٹ ہے اور مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں صوبہ پنجاب میں تعلیمی اعتبار سے چکوال نمبر ایک ہوگا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے اساتذہ اور ہیڈ ماسٹرز میں ان کی بہترین کارکردگی پر شیلڈز، سرٹیفکیٹس اور دیگر انعامات دیے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن عبدالوحید رضا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اساتذہ میں بہترین کارکردگی کیلئے جذبہ سبقت پیدا ہوگا جس سے مقابلے کی فضا قائم ہوگی اور معیار تعلیم بہترکرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پرپورے پنجاب میں نعت خوانی مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ملائکہ ریاض نے نعت پیش کر کے ہال میں موجود تمام شرکاء سے بے پناہ داد حاصل کی۔

ٹیگز :