کوئٹہ میں چرچ پر خودکش حملے میں 8 افراد جاں بحق، 25 زخمی

No Photo

کوئٹہ: زرغون روڈ پر واقع چرچ پر خودکش حملے میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ سواں نیوز کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر متعدد دہشت گردوں نے میتھوڈسٹ چرچ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔ زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کو طلب کرلیا گیاحکام کے مطابق چار دہشت گرد تھے جنہوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کا حملہ پوری طرح کامیاب نہیں ہوا۔ ایک بمبار نے خود کو دروازے پر دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد باقی حملہ آوروں نے اندر داخل ہوکر فائرنگ کی اور چاقوؤں سے حملے کیے۔ فورسز سے جھڑپ میں ایک حملہ آور مارا گیا اور دیگر دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پہلے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد زوردار دھماکا ہوا۔ دہشتگردوں نے چرچ میں گھس کر اندر موجود افراد پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں زخمی بھی کیاوزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو خودکش حملہ آوروں میں سے ایک نے چرچ کے دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے بعد دوسرا حملہ آور گرجا گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے اندر گھس کر فائرنگ شروع کردی، سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دوسرا حملہ آور مارا گیا جب کہ دیگر دو دہشت گرد فرار ہوگئے۔اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے گرجا گھر میں خواتین اور بچوں سمیت مسیحی برادری کے 400 سے زیادہ افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور دعائیہ تقریب ہورہی تھی جبکہ کرسمس کی تیاریاں بھی کی جارہی تھیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

ٹیگز :